تہران، 24 اگست (یو این آئی) ایران کی فوج نے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ایک گروپ پر حملہ کر کے اس کے چھ ارکان کو ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا ہے ، یہ تفصیلات ایران کی انٹیلی جنس وزارت نے ہفتے کے روز دی ہیں۔ وزارت کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان کے مطابق سات غیر ایرانی شہریوں سمیت دہشت گرد گروہ کے ارکان گزشتہ دنوں ملک کی مشرقی سرحد سے ایران میں داخل ہوئے تھے اور خطرناک ہدف بنا کر دہشت گردانہ کارروائی کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ بیان میں آپریشن کی تاریخ کی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔ یہ دہشت گرد مختلف قسم کے ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز آلات سے لیس تھے ، ان دہشت گردوں سے ضبط کی جانے والی اشیاء میں لیزر گائیڈڈ گرینیڈ لانچر، امریکی ساختہ مشین گن، دستی بم، دھماکہ خیز جیکٹس، دو طرفہ ریڈیو، گولہ بارود کے علاوہ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ وزارت کے مطابق دہشت گردوں کا یہ گروہ ایران کے مشرق میں ایک اہم مرکز پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ وزارت نے کہا کہ دستیاب شواہد دہشت گرد سیل کے اسرائیل سے روابط کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے میں تین ایرانی سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے متصل صوبہ سیستان اور بلوچستان میں حالیہ برسوں میں متعدد دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔