تہران۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر کہا کہ ایرانی قوم کو کبھی دھمکیاں نہ دی جائیں جو 52 اہداف کا حوالہ دے رہے ہیں وہ 290 بھی یاد رکھیں۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران اور امریکہ میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور ایران نے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔ایران کی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہاز اور اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت 35 تنصیبات ایران کے نشانے پر ہیں۔ ایرانی کمانڈر کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے ایران پر بڑے، تیز ترین اور تباہ کن حملوں کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے ایران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے امریکی اہلکاروں یا اثاثوں پر حملہ کیا تو اس کی 52 تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اہداف کو انتہائی پھرتی اور شدت سے نشانہ بنائیں گے، ان میں سے بعض مقامات ایرانیوں اور ایرانی ثقافت کیلئے نہایت اہم اور حساس ترین ہیں۔ اب روحانی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی قوم کو کبھی دھمکیاں نہ دی جائیں جو 52 اہداف کا حوالہ دے رہے ہیں وہ 290بھی یاد رکھیں۔
