واشنگٹن، 26 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے عوام انہیں اپنا اگلا سپریم لیڈر بنانا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں ریپبلکن فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام معاہدہ کرنے کیلئے بے تاب ہیں لیکن وہ اپنے عوام اور امریکہ کے خوف سے اس کا اعتراف نہیں کر رہے ۔ صدر ٹرمپ نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ وہ (ایرانی) مذاکرات کر رہے ہیں اور معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ یہ کہنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے اپنے لوگ یا پھر ہم انہیں مار دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی لوگ مجھے سپریم لیڈر بنانے پر بضد ہیں، لیکن میں نے انہیں جواب دیا نہیں شکریہ! مجھے یہ عہدہ نہیں چاہیے ۔ یاد رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کیلئے امریکہ کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی منصوبے کو مسترد کر دیا ہے ۔