واشنگٹن ۔ امریکہ نے ویانا میں ہونے والے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ایران کے سیول نیوکلیر پروگرام پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز اس کا اعلان کیا۔ امریکہ نے کہا کہ مذاکرات میں اہم مرحلہ آنے کو ہے اور اس چھوٹ کا مقصد تکنیکی معاملات پر بحث و مباحثہ کی گنجائش پیدا کرنا ہے۔ اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے ہو گیا یا ہونے والا ہے۔ فرانس، جرمنی، برطانیہ، چین، روس اور امریکہ کی ایرانی نمائندگان کے ساتھ جوہری مذاکرات کا آئندہ دور 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔