تہران : یکم اپریل ( ایجنسیز ) ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی نمائندے سے براہ راست یا دوسرے ممالک کے ذریعے رابطہ ہوا ہے تاہم امریکہ اور اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے حوالے سے مذاکرات نہیں ہوئے۔الجزیرہ کو انٹرویو میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ سے رابطوں کو یہ مطلب نہیں ہے کہ تہران کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امریکہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف کے پیغامات پہلے کی طرح موصول ہوئے اور اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے ہم مذاکرات کر رہے ہیں، ایران میں کسی بھی فریق سے مذاکرات کے دعوے میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام پیغامات وزارت خارجہ کے ذریعے دیے یا وصول کیے جاتے ہیں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان رابطے ہیں، تہران نے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ ان پر تحفظات ہیں۔ایرانی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ امریکہ کی جانب سے بھیجے گئے 15 نکاتی تجاویز پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، نہ ہی کسی قسم تجاویز یا شرائط رکھی گئی ہیں۔