تہران۔ ایرانی ہیکروں نے غلطی سے اپنی نقب زنی کی کارگزاریوں کی فلمائی گئی ویڈیوز آن لائن کردی ہیں۔ آئی بی ایم نے کئی گھنٹے کے دورانیہ پر مشتمل یہ ویڈیوز حاصل کرلی ہیں۔آئی بی ایم کی ایکس فورس سکیورٹی ٹیم نے اس ایرانی گروپ کی تقریباً5 گھنٹے کی ویڈیو فوٹیج حاصل کی ہے۔ دوسرے ملکوں کے شہریوں کے کمپیوٹر نظام اور ای میلز میں نقب لگانے والا یہ گروپ اے پی ٹی 35 کہلاتا ہے اور ان ہیکروں نے جن افراد کو اب تک نشانہ بنایا ہے، ان میں امریکہ کے محکمہ خارجہ کا عملہ ، ایک ایرانی نژادامریکی اور امریکہ اور یونان کے فوجی اہلکار شامل ہیں۔
