حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) مشرق وسطی میں کشیدگی اور خاص طور پر ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے پس منظر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں ہیلپ لائن قائم کیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک میں مقیم ہندوستانی اور خاص طور پر تلگو باشندوں کی مدد کی جاسکے۔ متاثرہ علاقے میں موجود اور سفر کرنے والے افراد کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن مددگار ثابت ہوگا۔ وزارت خارجہ اور ہندوستانی سفارت خانوں کی اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک کی جنگ میں تاحال کوئی بھی تلنگانہ کا شہری راست یا بالواستہ متاثر نہیں ہوا ہے۔ شہریوں کی رہنمائی اور ان کے افراد خاندان کو صحیح معلومات فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ عوام کسی بھی مدد یا رہنمائی کے لیے ریسیڈنٹ کمشنر نئی دہلی شریمتی وندنا سے فون نمبر +919871999044، جی رکشت نائک لائزن آفیسر سے فون نمبر +919643723157، جاوید حسین لائزن آفیسر سے فون نمبر +919910014749 اور سی ایچ چکراورتی پبلک ریلیشن آفیسر سے فون نمبر +911149351270 پر ربط کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ بھون کے سینئر عہدیدار وزارت خارجہ اور سفارت خانہ کے عہدیداروں سے مسلسل ربط میں رہیں گے۔ تلنگانہ حکومت خطہ میں تلنگانہ کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری عہدیداروں سے معلومات حاصل کریں اور ان کے مشورے پر عمل کریں۔1