تہران ؍ واشنگٹن ۔ 5 فبروری (ایجنسیز) ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی تعطلی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔ ایران اور امریکہ نے طے شدہ دن اور وقت کے مطابق مذاکرات ہونے کی تصدیق کردی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں تصدیق کی کہ امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعہ کو صبح 10 بجے مسقط میں ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تمام ضروری انتظامات کرنے پر عمانی بھائیوں سے اظہار تشکر کیا۔دوسری جانب دو سنیئر امریکی عہدیداروں نے بھی امریکی میڈیا سے گفتگو میں مذاکرات عمان میں ہونے کی تصدیق کردی۔اس سے قبل امریکہ، ایران جوہری مذاکرات جمعہ کو ہی ترکیہ میں شیڈول تھے جس کے بعد ایران کی جانب سے مذاکرات استنبول سے عمان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ایران نے مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا بھی مطالبہ کیا تھا تاہم ان مطالبات کو تسلیم یا مسترد کئے جانے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اب مذاکرات کررہا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ ہم ان پر حملہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ نیشنل پریئر بریک فاسٹ امریکہ کی بہت اچھی روایت ہے۔ دوبارہ اس تقریب میں آکر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب جارہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اب مذاکرات کر رہا ہے۔
، وہ نہیں چاہتے کہ ہم ان پر حملہ کریں۔واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں، امید ہیکامیاب ہوں گے، ہم ایران کیخلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر بھی کرچکے ہیں۔