اسلام آباد: ایک ویبنار کے دوران ماہرین نے چین اور ایران کے 25 سالہ طویل تعاون کے فریم ورک کو خطے اور مشرق وسطیٰ میں چین کے اثر و رسوخ کو مزید تقویت دینے کے لیے تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف تجارت اور معاشی نمو کے لیے چین کی مارکیٹ کو توسیع حاصل ہوگی بلکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں قوت کے توازن میں بھی بگاڑ کا خدشہ ہے، مالی تعاون ایران کو اپنی تنہائی کو کم کرنے اور چین اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ایران پابندیوں اور کووڈ 19 کے تباہ کن اثرات سے نبرد آزما ہے، یہ پیشرفت خوش آئند امداد ہے۔مقررین نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا اس معاہدے میں سب کی جیت ہے، بیجنگ نے نہ صرف ہائیڈرو کاربن تک متبادل رسائی حاصل کی ہے بلکہ بحر ہند میں اپنے اثر و رسوخ کو مزید تقویت بخشی ہے۔ایران میں بھارتی سرمایہ کاری کے پیش نظر یہ معاہدہ بہت سے لوگوں کے لیے حیرت کا باعث بھی ہوسکتا ہے۔چین، ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو پروان چڑھارہا ہے اور اس نے تہران کے ساتھ 18 سے 20 ارب ڈالر کے 17 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں اور اگلے 10 سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا وعدہ بھی کیا ہے۔اس سے خطے میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچے گا۔