واشنگٹن ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے تئیں اپنا وہی سخت موقف اپناتے ہوئے انتباہ دیا کہ ایران آگ سے کھیل رہا ہے۔ یاد رہیکہ یہ انتباہ انہوں نے ایک ایسے وقت دیا ہے جب ایران نے یہ اعلان کیا کہ 2015ء کے ایران نیوکلیئر معاہدہ کے مطابق (جس سے امریکہ دستبردار ہوچکا ہے) یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافہ کردیا ہے۔ قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی سخت لہجہ اپناتے ہوئے ایران کو یورینیم افزودگی بند کرنے کی دھمکی دی تھی اور پومپیو کی اس دھمکی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرمپ نے بھی بالآخر ایران کو انتباہ دیا۔ پیر کے روز ہی اس بات کا انکشاف ہوا ہیکہ ایران نے خود اپنے تاریخی نیوکلیئر معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ دوسری طرف آئی اے ای اے نے بھی اس بات کی توثیق کی ہیکہ ایران نے نیوکلیئر افزودگی کی حدود سے تجاوز کیا ہے۔ وائیٹ ہاؤس میں ٹرمپ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران آگ سے کھیل رہا ہے جو اس بات کی غمازی کررہا ہیکہ ٹرمپ اور پومپیو ایران کے خلاف ایک زبان ہیں۔