تہران ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں نومبر کی عوامی تحریک میں جان قربان کرنے والے افراد کے ساتھ اظہار یگانگت کے لیے بدھ کی شب ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں کی کال سوشل میڈیا کے ذریعے دی گئی تھی۔دارالحکومت تہران کے مغرب میں واقع شہر قلعہ حسن خان میں ایک بڑے مجمع نے احتجاج کیا۔ شوسل میڈٰیا پر وائرل ہونے والے وڈیو کلپوں کے مطابق اس دوران نوجوانوں نے “خامنہ ای مردہ باد” کے نعرے لگائے۔ایران کے مغربی شہر کرمان شاہ میں درجنوں افراد نے کاراج اسکوائر کے نزدیک مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے خامنہ ای مردہ باد کے نعرے لگائے جب کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر دھاوا بول دیا۔اصفہان میں سیکورٹی فورسز نے احتجاج کے واسطے اکٹھا ہونے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ لندن میں فارسی زبان کے چینل “من و تو” نے احتجاجی ہجوم کے وڈیو کلپ نشر کیے۔ادھر ایرانی کردستان صوبے کے صدر مقام سنندج میں کارکنان نے وڈیو کلپ نشر کیے جن میں سیکورٹی فورسز کو آنسو گیس کے گولوں اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اسی طرح رشت، بابْل، اسلام شہر، شہریار اور اراک میں بھی گذشتہ رات محدود پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
