تہران ۔ 8 جولائی (ایجنسیز) ایران نے پیر کو اعلان کیا ہیکہ اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1100 ہو گئی ہے، جن میں 126 خواتین اور 41 بچے شامل ہیں۔ ایرانی نائب صدر اور سابق فوجیوں کی تنظیم کے سربراہ سعید اوحدی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی جانے والی کارروائیوں کے نتیجے میں 1100 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں سے 1060 کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ مختلف شہروں میں کی گئی۔اوحدی نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ مرنے والوں میں 126 خواتین اور 41 بچے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اسرائیلی حملوں کے باعث تقریباً 5600 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 160 زخمی اب بھی ہاسپٹلوں میں زیر علاج ہیں۔قبل ازیں ایران کی وزارتِ صحت نے 30 جون کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 935 تھی۔13 جون کو اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک بڑے فضائی حملے کا آغا کیا۔ یہ لڑائی 12 روزجاری رہی جس میں فوجی و نیوکلیئر تنصیبات، شہری عمارتوں، فوجی کمانڈرز اور نیوکلیئر سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی فوجی اور انٹیلی جنس مراکز پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں سے جوابی کارروائی کی۔ بعد ازاں 24 جون کو امریکہ نے تل ابیب اور تہران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا۔