تل ابیب: اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ ایران بیرون ملک اس کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ انتباہ ایران کے ایک سینئر نیوکلیئر سائنسدان کے قتل کے بعد سے تہران کی جانب سے جاری کی گئی نئی دھمکیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔انسداد دہشت گردی کے اسرائیلی دفتر نے جمعرات کے روز خبردار کیا ہے کہ ایران نزدیکی ممالک میں اسرائیلی مفادات اور شہریوں پر حملے کر سکتا ہے۔اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “حالیہ عرصے میں ایرانی ایجنٹوں کی جانب سے جاری دھمکیوں کی روشنی میں جب کہ ماضی میں ایرانی ایجنٹس مختلف ممالک میں دہشت گرد حملوں میں ملوث رہ چکے ہیں ، اس بات کی گہری تشویش ہے کہ ایران اب اسرائیلی اہداف کے خلاف بھی اسی طریقے کو اپنانے کی کوشش کرے گا”۔اسرائیل گذشتہ جمعہ کو تہران میں گھات لگا کر ہلاک کر دیے جانے والے سائنس دان محسن فخری زادہ کو نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول کی ایرانی کوشش کا مرکزی کھلاڑی قرار دے چکا ہے۔ فخری زادہ کی موت پر ایرانی مذہبی اور عسکری شخصیات نے اسرائیل کو ملامت کا نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے ایک امریکی تحقیقی مرکز کے ساتھ گفتگو کے دوران منتخب صدر جو بائیڈن کو ایک بالواسطہ پیغام پہنچایا ہے۔