ایران جنگ:خطے میں اب تک کتنی اموات ہوچکیں؟

   

دبئی، 24مارچ (یو این آئی) ایران، اسرائیل اور امریکہ جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں اب تک ہونے والے جانی نقصان کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ گئیں۔ الجزیرہ نے ایران، اسرائیل اور امریکہ جنگ شروع ہونے سے 23 مارچ تک جانی نقصانات کے اعداد وشمار سے متعلق ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ خطے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 2638 ہو چکی جبکہ 26ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ میں سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئیں، جہاں 1500 افراد لقمہ اجل بن چکے جب کہ لبنان میں ہونے والے حملوں میں 1001 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ عراق میں 61، قطر میں 16، یو اے ای میں 8، کویت میں 6، فلسطین اور شام میں چار 4، عمان میں 3، سعودی عرب اور بحران میں دو، دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ اس کے علاوہ اسرائیل میں 18 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ایران جنگ کے دوران اب تک 13 امریکی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ جنگ کے دوران اب تک خطے میں 26 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں اور سب سے زیادہ زخمی ایران میں ہیں، جہاں حملوں خے دوران 18 ہزار 551 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے بعد سب سے زیادہ زخمیوں کی تعداد اسرائیل میں ہے ، جہاں ایران اور حزب اللہ کے حملوں میں 4697 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 2584 افراد، یو اے ای میں 160، اردن میں 28، سعودی عرب میں 20 افراد زخمی زخمی ہوئے جب کہ عراق، کویت اور بحرین میں بھی دشمن کے حملوں سے درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ایران میں مخالفین کیخلاف کارروائی ،466 افراد گرفتار
تہران، 24 مارچ (یو این آئی) ایران میں سیکیورٹی اداروں نے ملک مخالف آن لائن پروپیگنڈے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 466 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق گرفتاریاں تہران میں انٹیلیجنس اور تکنیکی نگرانی کے بعد عمل میں لائی گئیں۔ ایرانی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر دشمن نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر ملک میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے ۔ رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد پر حساس مقامات کی ویڈیوز بنانے ، حکومت مخالف مواد پھیلانے اور دشمن قوتوں سے تعاون جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار کیا جا چکا ہے ۔

ایران کے کئی حملوں کو ناکام بنایا گیا:یو ای اے
ابوظہبی، 24مارچ (یو این آئی) اماراتی حکام کا کہنا ہیکہ آج ایران کے 5 بیلسٹک میزائلوں اور 17ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اب تک 357 کروز میزائل داغے گئے ہیں۔ ابوظبی سے اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ 15 کروز میزائلز اور ایک ہزار 806 ڈرونز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے ۔ اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں میں اب تک 8 افراد شہید 161 زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کی طرف سے گیس سے متعلقہ تنصیبات پر حملوں کی اطلاع
تہران،24 مارچ (یو این آئی) منگل کو ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کی دھمکی سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ دینے کے چند گھنٹے بعد اسرائیل، امریکہ حملوں نے قدرتی گیس کی 2 تنصیبات اور ایک پائپ لائن کو نشانہ بنایا ہے ۔ فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہیکہ صیہونی اور امریکی دشمن کے جاری حملوں کے دوران، اصفہان کے محکمہ گیس کے دفتر اور گیس پریشر ریگولیشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ فارس نے مزید کہا کہ وسطی ایران میں واقع یہ تنصیبات جزوی طور پر متاثرہوئیں، جس نے کوئی ماخذ فراہم نہیں کیا اور یہ رپورٹ ایران کے واحد خبررساں ادارے نے جاری کی ہے۔