تہران ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے خلاف جوہری سمجھوتے کی شرائط کے منافی اقدامات کے اعلانات بعد عالمی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ امریکا کے بعد اب جوہری سمجھوتے کے فریق تین یورپی ممالک اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے تہران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری ڈیل کی خلاف ورزیوں کا ازالہ کرے۔انھوں نے منگل کو ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ برطانیہ ،فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمایندہ ( خارجہ پالیسی کی سربراہ) ایران کی جانب سے مشترکہ جامع لائحہ عمل ( جے سی پی اے ، جوہری سمجھوتے کا اصل نام) کے تقاضوں سے عدم مطابقت پر مبنی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
برطانیہ میں ہندوستانیوں کی اونچی آمدنی
لندن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نسلی گروپ سے تعلق رکھنے والے ورکرس برطانیہ میں کمائی کے معاملے میں اپنے سفید فام ہم منصب ورکرس کے مقابل اوسطاً زیادہ کمائی حاصل کرتے ہیں۔ سرکاری شماریات پر مبنی ایک نئے جائزہ میں آج انکشاف کیا گیا کہ برطانوی دفتر برائے قومی شماریات نے پایا کہ 2018ء کے تجزیہ کے مطابق نسلی اقلیتیں سفید فام نسلی گروپوں کے مقابل اوسطاً 3.8 فیصد کم کمائی کرتی ہیں۔ تاہم ہندوستانی اور چینی افراد کی اوسطاً کمائی زیادہ ہے۔ بنگلہ دیشی اور پاکستانی نسلی گروپوں کے ورکرس سفید فام برطانوی باشندوں کے مقابل سب سے کم اوسط ادائیگی پاتے ہیں۔ مجموعی طور پر بعض نسلی گروپوں جیسے ہندوستانی اور چینی ملازمین سفید فام برطانوی شہریوں کے مقابل زیادہ کماتے ہیں۔ یہ ڈیٹا 2012ء اور 2018ء کے درمیان فی گھنٹہ کے اعتبار سے حاصل شدہ مجموعی کمائی پر منی ہے۔
