ایران دنیا میں تنہا ، ہمارے اتحادی حماس اور حزب اللہ جیسے : ایرانی صدارتی امیدوار

   

تہران : ایرانی پارلیمنٹ کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور صدارتی امیدوار علی مطہری نے حکومت کی پڑوسی ملکوں اور عرب ممالک کے حوالے سے پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ سات آٹھ سال کے دوران ایران نے پڑوسی عرب ملکوں کے حوالے سے جو حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے وہ نا مناسب ہے۔فارسی میں شائع ہونے والے اخبار’خراسان’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسٹر مطہری نے کہا کہ ایران میں سعودی عرب کے نمائندہ دفاتر پر حملے ایک وحشیانہ اقدامات تھے۔ انہوں نے ایرانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرے اور جوہری معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملکوں کے ساتھ اپنا برتائو اور رویہ تبدیل کرے۔ایک سوال کے جواب میں علی مطہری کا کہنا تھا کہ ہم خطے اور پوری دنیا میں تنہا ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی کم زوری یہ ہے کہ مسلم ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات اچھے نہیں رہے ہیں۔ ہم نے خود کو ایک جزیرے میں محصور کردیا ہے جہاں ہمارے اتحادی صرف حزب اللہ اورحماس جیسے گروپ ہیں۔