ایران : دو بیٹوں کے کرپشن میں ملوث ہونے پر ڈپٹی چیف جسٹس مستعفی

   

تہران : ایرانی عدلیہ کے پہلے نائب سربراہ محمد مصدق نے کہا ہے انہوں نے اپنے دو بیٹوں کے مالی بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث ہونے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں بیٹوں پر مجاز حکام کی طرف سے مقدمہ چل رہا ہے۔ایرانی عدلیہ سے وابستہ نیوز ایجنسی ’’میزان‘‘ نے بتایا کہ عدالتی سربراہ غلام حسین محسنی ایجی نے اپنے نائب کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ مصدق کے دو بیٹوں پر اس وقت معاشی جرائم کے لیے مجاز عدالت میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ اقتصادی جرائم کے اس مقدمہ میں اثر و رسوخ کے غلط استعمال اور منی لانڈرنگ کا نیٹ ورک بنانے کے الزامات ہیں۔مصدق نے اپنے استعفیٰ کے لیٹر میں اپنے دو بیٹوں کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں اثر و رسوخ کے شبہ کو روکنے کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔