ایران سے ایک ماہ میں معاہدہ ممکن:ڈونالڈ ٹرمپ

   

واشنگٹن، 13فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہیکہ ایران سے ایک ماہ میں معاہدہ ممکن ہے۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران سے معاہدہ نہ ہوا تو صورتحال بہت تکلیف دہ ہوسکتی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی عوام کو اپنے صدر کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے ، نیتن یاہو کو معافی نہ دینا شرمناک ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو کرپشن کیس میں معافی ملنی چاہیے۔صدر ٹرمپ اگلے ہفتے غزہ امن بورڈ میں مزید ملکوں کی شمولیت کا اعلان بھی کریں گے ۔

ٹرمپ کے غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس میں اہم اعلانات متوقع
واشنگٹن، 13 فروری (یو این آئی) غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو طلب کیا گیا ہے جہاں اہم اعلان متوقع ہے ۔ غزہ میں امن اور بحالی کیلئے قائم کردہ “غزہ بورڈ آف پیس” کا پہلا باقاعدہ اجلاس 19 فروری کو منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے 20 ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے ۔ اس اہم اجلاس میں غزہ کے مستقبل کے حوالے سے بڑے اعلانات متوقع ہیں۔ میڈیا نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اگلے ہفتے اس بورڈ میں مزید ممالک کی شمولیت کا اعلان کریں گے ۔ اس کے علاوہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ کیلئے اربوں ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان بھی متوقع ہے ۔
یہ خطیر رقم غزہ کے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو، بحالی کے منصوبوں اور سنگین انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، غزہ اسٹیبلائزیشن فورس کے قیام کیلئے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مختلف ممالک نے اس فورس کیلئے اپنی فوجیں مختص کر دی ہیں، یہ فورس غزہ میں امن و امان کے قیام اور امدادی کاموں کی نگرانی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق 19 فروری کو ہونے والے اس اجلاس کو غزہ میں امن اور استحکام کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ، جہاں بین الاقوامی برادری مل کر ایک ٹھوس روڈ میپ تیار کرے گی تاکہ جنگ زدہ علاقوں میں زندگی کو معمول پر لایا جا سکے ۔

کرپشن کیس میں نیتن یاہو کی معافی کا معاملہ،ٹرمپ کی سخت تنقید
واشنگٹن، 13 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سابق اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کو معافی نہ دینے پر اسرائیلی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو معافی نہ دینے پر اسرائیلی صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہیکہ اسرائیلی صدر کو شرم آنی چاہیے۔ صدر ٹرمپ کے اس بیان پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیلی صدر نے واضح کیا کہ اسرائیل ایک خودمختار ریاست ہے اور وہ تمام فیصلے ملکی قانون کے مطابق کریں گے ۔ واضح رہے کہ بنجامن نیتن یاہو پر رشوت کے طور پر قیمتی تحائف وصول کرنے اور اپنی حکومت کے حق میں مثبت کوریج کے بدلے میڈیا اداروں کے ساتھ غیر قانونی سودے بازی کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔