جودھپور ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس سے شدید متاثر ملک ایران سے 275 ہندوستانیوں کے نئے گروپ کو جودھپور لایا گیا ہے ۔ یہاں آمد کے بعد انہیں ہندوستانی فوج کے ویلنیس سنٹر میں رکھا گیا ۔ ان مسافرین کی ابتدائی اسکریننگ کی گئی ۔ ایرپورٹ پر آتے ہی ان کا کوورنا وائرس ٹسٹ کروایا گیا ۔ یہاں سے جودھپور ملٹری اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ راجستھان ڈیفنس پی آر او کرنل سومبتھ گھوش نے کہا کہ 275 مسافرین میں 133 خواتین اور 142 مرد شامل ہیں ۔ جن میں دو شیر خوار اور 4 بچے بھی ہیں ۔ ہندوستانی فوج نے آپریشن نمستے کے تحت ایک ویلنیس سنٹر قائم کیا ہے جس میں تمام تر سہولتیں ہیں ۔تمام مسافر لداخ اور کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔