ایران سے ہندوستان کی اپنے شہریوں کو نکالنے کی تیاری

   

امکانی امریکی حملہ کے پیش نظر ایران سے بیرونی شہریوں کا تخلیہ
نئی دہلی، 15 جنوری (یو این آئی) ایران میں مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال اور پرتشدد مظاہروں میں اب تک 2500 سے زیادہ افراد کے مارے جانے کی اطلاعات کے درمیان، ہندوستان وہاں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو نکالنے کی تیاری کر رہا ہے ۔ ذرائع نے جمعرات کے روز بتایا، “ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر، وزارت خارجہ ان ہندوستانی شہریوں کی واپسی کو آسان بنانے کی تیاری کر رہی ہے جو وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔” اس وقت تقریباً 10,000 ہندوستانی شہری ایران میں ہیں جن میں سے تقریباً 3,000 میڈیکل کے طلبہ ہیں اور تقریباً 4,000 مدارس کے طلبہ ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 2000 ہندوستانی ماہی گیر بھی ایران کے ساحلی علاقوں میں رہتے ہیں۔ ان کے علاوہ تاجر، سیاح اور ہزاروں شیعہ زائرین بھی ہیں جو ہر سال ایران کا سفر کرتے ہیں۔ تہران میں ہندوستانی سفارتخانہ نے چہارشنبہ کے روز ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کو، خواہ وہ طلبہ ہوں، زائرین ہوں، تاجر ہوں یا سیاح، انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تجارتی پروازوں سمیت ٹرانسپورٹ کے دستیاب طریقوں کا استعمال کرکے ایران چھوڑ دیں۔ سفارت خانہ نے ہنگامی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں۔ لوگ سفارت خانے سے موبائل نمبر 989128109115، 989128109109، 989128109102، اور 989932179359 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی ایمبسیی سے ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

ایران سے گزرنے والی کئی ہندوستانی پروازیں منسوخ
نئی دہلی، 15 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی ایئر لائنز نے ایران کے اوپر سے گزرنے والی کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور بہت سی دوسری پروازوں کے روٹ تبدیل کردئے گئے ہیں۔یہ فیصلہ ایران کی جانب سے تجارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کرنے کے بعد کیا گیا ہے ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، ٹاٹا گروپ کی ایئر انڈیا نے کہا کہ ایران میں پیش رفت، اس کے بعد فضائی حدود کی بندش اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظراس خطے میں پروازوں کا راستہ تبدیل کر دیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جن پروازوں کے راستے میں تبدیلی فی الحال ممکن نہیں ہے ، انہیں منسوخ کردیاگیا ہے ۔اس نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ہوائی اڈوں کیلئے روانہ ہونے سے پہلے فلائٹ کی حالت چیک کریں ۔ذرائع نے بتایا کہ ایئر انڈیا کی امریکہ جانے والی تین پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دیگر پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔نجی ایئر لائن انڈیگو نے بھی ایران کی فضائی حدود کی اچانک بندش کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس پر بتایا ہے کہ اس کی کچھ بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ کفایتی ایئر لائن کمپنی اسپائس جیٹ نے بھی ایکس پر پوسٹ کیا کہ اس کی کچھ پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ایران نے ابتدائی طور پر تجارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود دو گھنٹے کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں مدت میں توسیع کردی گئی۔