ایران سے 5لاکھ افغان باشندے ملک بدر

   

اقوام متحدہ، 11 جولائی (یو این آئی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایران نے 16 دن میں 5لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو ملک بدر کر دیا۔ 24 جون سے 9جولائی تک ایران سے 5لاکھ 8ہزار افغان مہاجرین بے دخل کیے گئے ۔ایک دن میں 51 ہزار افغان شہریوں کی ملک بدری کی گئی جو کہ اتوار کی ڈیڈلائن سے قبل ریکارڈ اخراج ہے ۔ ایرانی حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی مقدم ہے غیرقانونی شہریوں کی واپسی ناگزیر ہے ۔ ریاستی میڈیا پر افغانوں کی اسرائیل کیلئے مبینہ جاسوسی کی اعترافی ویڈیوز نشر کی گئیں، ایرانی پولیس کی افغان شہریوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی ویڈیوز بھی نشر کی گئیں۔ایران ایک اندازے کے مطابق 40 لاکھ افغان مہاجرین اور مہاجرین کا گھر ہے اور بہت سے لوگ وہاں کئی دہائیوں سے مقیم ہیں۔

ایران نہ جانے کیلئے امریکی ایڈوائزری
واشنگٹن، 11 جولائی (ایجنسیز) امریکہ نے اپنے شہریوں کیلئے ایران کا سفر نہ کرنے کیلئے ‘نئی ٹریول ایڈوائزری’ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بمباری رک گئی ہے ، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہاں سفر کرنا محفوظ ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نئی آگاہی مہم شروع کی ہے جس میں اپنے شہریوں بالخصوص ایرانی نژاد افراد کو ایران کے سفر کے سنگین خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایرانی نسل کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کا سفر کرنے سے گریز کریں۔