واشنگٹن، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افزودہ یورینیم کی حد کو بڑھانے کے ایران کے فیصلہ کے پس منظر میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون سے گفت و شنید کی ہے ۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیر کو جاری ایک بیان کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فرانس کے صدر اما نوئل میکرون سے ایران کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا. دونوں رہنماؤں نے نیوکلیئر معاہدے کی مشترکہ کارروائی لائحہ عمل (جے سي پی اواے ) کے تحت ایران کی افزودہ یورینیم کی حد کو بڑھانے کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے پہلے پیر کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ڈائرکٹر جنرل یوکیا امانو نے ایران کے 300 کلو گرام کی افزودہ یورینیم کی حد پار کرنے کی تصدیق کی تھی۔خلیج عمان میں ڈرون طیارہ کو مار گرانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ایران نے 8 مئی کو بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے کی کچھ دفعات سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے اس معاہدے پر شکوک و شبہات کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
