ایران میں احتجاجی مظاہروں کے مہلوکین کے ورثاء کو فاتحہ چہلم کی اجازت نہیں

   

دبئی۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران میں حکام نے نومبر کے وسط میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو اپنے متعلقین کے چالیسویں کی رسم کے انعقاد سے روک دیا ہے۔ یہ افراد گذشتہ ماہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہروں کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ادھر انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نیٹ بلاک نے بتایا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران ایران میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کا تناسب کم ہو کر صرف 5% رہ گیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والوں کی یاد منانے کو روکنے کیلئے ’تشدد‘ اور سخت نگرانی کا سہارا لے رہے ہیں۔کل ایک ٹویٹ میں پومپیو نے لکھا کہ ایرانی عوام کا یہ حق ہے کہ وہ اُن 1500 افراد کی موت پر آنسو بہائیں جن کو ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایران میں مظاہروں کے دوران ذبح کر ڈالا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی نظام کو اپنے ہم وطنوں کا خوف ہے اور اس نے ایک بار پھر تشدد اور انٹرنیٹ منقطع کرنے کی پالیسی کا سہارا لیا۔