تہران : ایران بھر کے شہروں میں سینکڑوں اساتذہ نے اپنی تنخواہوں اور پنشنوں میں تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی تنخواہوں میں افراط زر کی ہوشربا شرح کے مقابلے میں کم اضافہ کیا گیا ہے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اریب کی رپورٹ کے مطابق بحیرہ کیسپیئن کے ساحل پر واقع صوبہ گیلان میں قریباً 150 اساتذہ نے راشت شہر میں مارچ کیا جبکہ لہیجان میں احتجاجی ریلی میں صرف 70 اساتذہ شریک تھے۔رپورٹ کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ ’’ اگرخردبردمیں کمی کی جاتی ہے تو ہمارے مسائل حل ہو جائیں گے‘‘ اور’’ہم نے صرف وعدے سنے ہیں، ہمیں انصاف نظر نہیں آیا‘‘۔وہ ایسے ہی الفاظ پر مبنی نعرے بازی کررہے تھے۔خبررساں ادارے مہر کی رپورٹ کے مطابق ایران کے تیسرے سب سے بڑے شہراصفہان میں 300 کے قریب اساتذہ نے مظاہرہ کیا۔جنوب مغرب میں واقع صوبہ چہارمحل بختیاری میں بھی اساتذہ نے احتجاجی ریلی نکالی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمزپر شمال مشرق میں واقع شہر نیشاپور، مغرب میں کرمانشاہ اور جنوب مغرب میں واقع خرم شہر میں بھی اسی طرح کے مظاہرے دکھائے گئے ہیں۔ان کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں۔