تہران: ایران میں ایک اور پہلوان کو قتل کے الزام میں قصور وار قرار دے کر پھانسی دے دی گئی ہے۔گذشتہ پانچ ماہ میں یہ دوسرے ریسلر ہیں جنھیں تختہ دار پر لٹکایا گیا ہے۔ان سے پہلے چیمپئن ریسلر نوید افکاری کو پھانسی دے دی گئی تھی۔ان کی پھانسی پر عالمی سطح پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔ایران کے مقامی خبری ذریعے عصرِ جنوب کے مطابق 30 سالہ مہدی علی حسینی کو جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں واقع شہر دیزفل کی جیل میں پھانسی دی گئی ہے۔مہدی حسینی کو 2015ء میں قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق انھوں نے ایک 22 سالہ نوجوان کو مسلح ڈکیتی کے دوران میں قتل کردیا تھا۔فارس نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مخالف میڈیا ان کے ریسلر ہونے کے جھوٹے دعوے کررہا ہے۔اس نے مقامی ریسلنگ کمیٹی کے ایک عہدہ دار کے حوالے سے کہا ہے کہ مصلوب ریسلر نہیں تھا۔اسی ماہ ایران میں مہدی حسینی کی پھانسی رکوانے کے لیے ایک مہم چلائی گئی تھی۔اس میں چھے مرتبہ کے عالمی چیمپئن حامد سوریان سمیت متعدد ایرانی پیشہ ور ریسلروں نے حصہ لیا تھا۔