ایران میں بحری مشقوں کے دوران اپنا ہی طیارہ نشانہ، 19 اہلکار ہلاک

   

تہران۔11مئی ( سیاست ڈاٹ کام )مشرقِ وسطیٰ میں واقع خلیج عمان میں تربیتی مشقوں کے دوران ایران کی طرف سے داغے گئے ایک میزائل نے اپنے ہی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ “حادثے” میں ایرانی بحریہ کے کئی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ بتا یا گیا ہے کہامریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران رونما ہونے والے اس واقعے میں ایرانی بحریہ کے 19 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ ‘رائٹرز’ کے مطابق مشقوں کے دوران میزائل کا نشانہ بننے والا ایران کا اپنا بحری جہاز ‘کونارک’ تھا۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے بحریہ کے ذرائع کے حوالے سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو تہران سے 790 میل کے فاصلے پر واقع ‘جاسک’ بندرگاہ کے قریب تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔ سرکاری نیوز ایجنسی ‘ارنا’ کے مطابق مقامی اسپتال میں ایرانی بحریہ کے 12 اہلکاروں کو داخل کیا گیا ہے جب کہ دیگر تین اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔