ایران میں تباہ شدہ F-15Eطیارہ کا دوسرا پائلٹ بھی محفوظ

,

   

ٹرمپ کا اپنے سوشل میڈیا ایپ’ ٹروتھ سوشل ‘ پر دعویٰ اور امریکی شہریو ں سے خطاب

واشنگٹن، 5 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں مار گرائے گئے ایف-15 ای جیٹ کا کو-پائلٹ محفوظ ہے اور اسے بچانے کے لیے “امریکی تاریخ کا سب سے دلیرانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن” انجام دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل سی بی ایس نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک پائلٹ کو بچا کر دو امریکی فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وہاں سے نکال لیا گیا ہے ۔ اپنی سوشل میڈیا ایپ ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ ”میرے ساتھی امریکیوں، گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے امریکی تاریخ کے سب سے دلیرانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں سے ایک کو انجام دیا ہے ۔ یہ آپریشن ہمارے ایک زبردست کریو ممبر افسر کے لیے تھا، جو ایک انتہائی قابلِ احترام کرنل بھی ہیں۔ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ وہ اب بالکل محفوظ اور خیریت سے ہیں۔امریکی صدر نے مزید بتایا کہ فوج 24 گھنٹوں سے پائلٹ کی لوکیشن کی نگرانی کر رہی تھی۔ پائلٹ زخمی ہوا تھا، لیکن ٹرمپ کے مطابق اب اس کی حالت بہتر ہے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ”میری ہدایت پر، امریکی فوج نے دنیا کے مہلک ترین ہتھیاروں سے لیس درجنوں طیارے اسے واپس لانے کے لیے بھیجے ۔ فوجی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ دو امریکی پائلٹوں کو دشمن کے علاقے سے بچایا گیا ہے ۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، ایران میں گرنے والا امریکی طیارہ ایک ایف-15 ای لڑاکا بمبار طیارہ تھا جس میں عملے کے دو ارکان سوار تھے ۔ اس سے قبل ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘تسنیم’ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی فوج نے شاید اس امریکی پائلٹ کو پکڑ لیا ہے جس نے طیارہ مار گرائے جانے کے بعد پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی تھی۔ تاہم، صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان نے پائلٹ کی بحفاظت واپسی کی تصدیق کر دی ہے ۔(G/W)

امریکہ نے خفیہ ریسکیو آپریشن میں اپنے پائلٹ
کو ایران سے بازیاب کرلیا، ٹرمپ کی تصدیق

واشنگٹن ؍ تہران ۔5؍ اپریل (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں گرنے والے امریکی جنگی طیارے کے لاپتہ افسر کو کامیابی کے ساتھ بازیاب کرا لیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اسے حاصل کر لیا! گزشتہ چند گھنٹوں میں امریکی فوج نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کوانجام دیا اور ہمارے ایک اہم افسر جو ایک کرنل بھی ہیں کو بحفاظت واپس لے آئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ فوجی ایف ففٹین ایگل طیارہ گرنے کے بعد ایران میں لاپتہ ہو گیا تھا اور تقریباً دو دن تک ایرانی حکام سے بچتے ہوئے روپوش رہا۔ بعد ازاں امریکی فورسز نے ایک خفیہ اور انتہائی خطرناک آپریشن کے ذریعے اسے نکال لیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن رات کی تاریکی میں کیا گیا جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔اطلاعات ہیں کہ ایرانی حکام کو بھی اس اہلکار کی ممکنہ لوکیشن کا اندازہ تھا جس کے باعث آپریشن مزید خطرناک ہو گیا تھا۔اگرچہ سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ اس کارروائی میں کون سی فورسز شامل تھیں تاہم اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ آپریشن امریکی اسپیشل فورسز نے انجام دیا۔امریکی حکام کے مطابق بازیاب ہونے والا اہلکار اب ایران سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت ہے اور اس طرح کے خطرناک ریسکیو آپریشنز خطہ میں صورتحال کو مزید حساس بنا سکتے ہیں۔