ایران میں تباہ طیارے کیلئے فی کس 1.5 لاکھ ڈالر ہرجانہ بھی یوکرائن کو قبول نہیں

   

کیف: یوکرائن نے ایران کے ہاتھوں اپنے مسافر طیارے کے مار گرائے جانے پر تہران کی جانب سے ہرجانے کے طور پر فی کس 1.5 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے جانے پر احتجاج کیا ہے۔آج جمعرات کے روز یوکرائن کا کہنا ہے کہ تقریبا ایک سال قبل طیارے کے مار گرائے جانے میں موت کا شکار ہونے والوں کے لیے زر تلافی کا تعین مذاکرات کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ایرانی حکومت نے چہارشنبہ کے روز اپنے اجلاس میں منظوری دی تھی کہ یوکرائن کے بدقسمت طیارے کے حادثے کا شکار ہونے والے ہر فرد کے لیے 1.5 لاکھ امریکی ڈالر یا اس کے مساوی یورو کی رقم ادا کی جائے گی۔دوسری جانب سڑکوں اور شہری ترقی کے ایرانی وزیر محمد اسلامی نے یوکرائن کے طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کی تحقیقات اختتام پذیر ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق حتمی تحریر متعلقہ ممالک کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ایران کی شہری ہوابازی کی تنظیم رپورٹ کو جلد جاری کرے گی۔ ایرانی وزیر کے مطابق تحقیقات میں یوکرائن کی فضائی کمپنی اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ بھی شریک رہی۔