خطہ میں اسرائیل اور امریکی اڈے بھی نشانہ ، پروگرام کو مزید ترقی دینے ایران پُرعزم
تہران : مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑے میزائل پروگرام کے حامل ایران نے جمعرات کو 2000 کلومیٹر رینج کے خرمشہر بیلسٹک میزائل ’خیبر‘ کا کامیاب تجربہ کیا۔ روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے سرکاری خبررساں ادارے ارنا نے رپورٹ کی ہے کہ اسرائیل کی مسلح افواج کے سربراہ کی جانب سے تہران کے نیوکلیئر پروگرام پر ‘کارروائی’ کے امکان کے دو دن بعد یہ کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے پاس موجود میزائل خطے میں اسرائیل اور امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔دوسری جانب تہران نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور یورپی ممالک کی مخالفت کے باوجود اپنے ‘دفاعی’ میزائل پروگرام کو مزید ترقی دے گا۔اس موقع پر ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا ہے کہ دشمنوں کیلئے پیغام ہے کہ ہم اپنے ملک اور یہاں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کا دفاع کریں گے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دوستوں کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ ہم علاقائی استحکام میں تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خرمشہر 4 بیلسٹک میزائل کا اپ گریڈ ورڑن ہے جس کی رینج 2000 کلومیٹر ہے اور یہ میزائل 1500 کلوگرام وار ہیڈ لے جانے کی طاقت رکھتا ہے۔ میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل کو خیبر کا نام دیا گیا ہے اور اس نام کا قلعہ مسلمانوں اور یہودیوں کے مابین معرکے میں مسلمانوں کیلئے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ ایران ، جو اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا اور اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے، کا کہنا ہیکہ اس کے بیلسٹک میزائل امریکہ، اسرائیل اور دیگر ممکنہ علاقائی مخالفین کے خلاف ایک اہم رکاوٹ اور ردعمل کی حیثیت رکھتے ہیں۔