تہران : 13 نومبر ( ایجنسیز)تہران میں ایک نئے سروے کے مطابق ایران میں عوام کی ناراضی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ صدارتی ادارے کی جانب سے کرائے گئے اس سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی صورت حال سے عدم اطمینان کی شرح تقریباً 92 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو شہریوں اور حکام کے درمیان بڑھتی ہوئی بداعتمادی کی نشاندہی کرتی ہے۔صدارتی ادارے کے سماجی مشیر اور مرکز برائے عوامی رابطہ کے سربراہ محمد جواد جوادی یگانہ کے مطابق سروے کے نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اکثریت نے مقامی حکام اور پارلیمان کے ارکان کی کارکردگی کو کمزور قرار دیا۔یہ سروے صدر مسعود پزیشکیان کے سولہ صوبوں کے دوروں کے دوران کیا گیا، تاکہ عوامی اطمینان اور مقامی حکام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ علاقائی حکام کی کارکردگی کو شہریوں نے ”کمزور” یا ”درمیانی” قرار دیا جبکہ تقریباً 59 فیصد شرکاء نے پارلیمان کے ارکان کی کارکردگی ناقص قرار دی۔
