قوانین میں ترمیم
تہران، 5 فروری (یو این آئی) ایران میں خواتین پر متعدد پابندیاں عائد ہیں تاہم قوانین میں ترمیم کرکے ایرانی خواتین کو بڑی آزادی فراہم کردی گئی ہے ۔ ایران میں خواتین پر متعدد پابندیاں عائد ہیں اور وہاں حقوق نسواں کے لیے کئی بار مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔ تاہم اب ایران میں خواتین کے حقوق کی جانب بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور انہیں آزادانہ موٹر سائیکل چلانے کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی خواتین کو آزادانہ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے کے لیے کئی دہائیوں قبل بنائے گئے ٹریفک قوانین میں واضح ترمیم کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر کے نائب اوّل محمد رضا عارف نے ٹریفک کوڈ میں ترمیم پر دستخط کر دیے ہیں۔ جس کے بعد ایران میں خواتین کو موٹرسائیکل چلانے کی تربیت لینے ، امتحان دینے اور باضابطہ لائسنس حاصل کرنے کا حق بھی مل گیا۔ ایران کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں اقتصادی اور معاشرتی احتجاجات نے حکومت پر دباؤ بڑھایا ہوا ہے ۔ بعض ناقدین اسے اصلاحات کی جانب ایک چھوٹا قدم قرار دے رہے ہیں۔