ایران میں سویڈن کا شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

   

تہران : ایران میں سویڈن کے ایک شہری کو جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم ہفتے کے روز جاری کی گئی رپورٹ میں اس شخص کے نام کی وضاحت نہیں کی گئی۔روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اسلامی رپبلک نیوز ایجنسی (آئی آر این اے) نے رپورٹ میں سویڈن شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔وزارت کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری نیوز ایجنسی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ سویڈن کے شہری کی گرفتاری کب عمل میں آئی اس بارے میں بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔اس شخص کی گرفتاری کے بارے میں سویڈن کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہماری وزارت اس معاملے سے آگاہ ہے۔سویڈن کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے ای میل کے ذریعہ کئے گئے تبصرے میں وضاحت کی ہے کہ ہمیں اس بارے میں پتہ ہے اور کچھ عرصہ سے اس کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔