تہران: ایران میں حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کے الزام پر زیر حراست 157 افراد کیلئے معافی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے کیا کہ حکومت اور نظام کے خلاف پروپگنڈہ پھیلانے اور گزشتہ تین برسوں سے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے ان تمام افراد کو آزاد کیا جا رہا ہے۔ پیغبر اسلام کے یوم پیدائش کے سلسلے میں علامتی طور پر پچھلے ہفتے بھی 3,780 قیدیوں کو معاف کیا گیا تھا۔ ایران میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی عالمی سطح پر مذمت جاری تھی۔ امریکی پابندیوں کے باعث اقتصادی بدحالی، افراط زر میں اضافہ اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر ایرانی عوام تواتر سے مظاہرے کرتے آئے ہیں۔ حکام کا الزام ہے کہ ایسی احتجاجی تحریکوں کو بیرونی مدد حاصل تھی۔