ایران میں شدید گرمی، 2روزہ عام تعطیل کا اعلان

   

تہران : ایران میں گرمی کی غیر معمولی شدت کے باعث 2 روز کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے شمالی علاقے ان دنوں غیر معمولی گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کے باعث اسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل ہوگی، بینک، اسکولز اورحکومتی دفاتر سب بند ہوں گے۔ رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے ایرانی شہر اہواز میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جا پہنچا تھا، تہران میں بدھ کو درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے معمر اور بیمار افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ دنیا کے مختلف حصوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں، یورپ، امریکا اور ایشیا میں ہیٹ ویوز، کینیڈا اور یونان میں جنگلات کی آگ جبکہ فلوریڈا میں سمندری پانی کے ریکارڈ درجہ حرارت جیسے واقعات سامنے آئے۔درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ عالمی سمندری سطح کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔ڈبلیو ایم او کے سیکرٹری جنرل پروفیسر نے بتایا کہ اس طرح کی موسمیاتی شدت نے کروڑوں افراد کو متاثر کیا جو کہ بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلیوں کی ایک تلخ حقیقت ہے اور اس سے مستقبل کی پیشگوئی ہوتی ہے۔گزشتہ دنوں سائنسدانوں کے ایک تجزیے میں بتایا گیا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں ہیٹ ویوز کی ریکارڈ شدت موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہیں۔