ایران میں شوٹ آؤٹ ایک پولیس اہلکار ہلاک

   

تہران۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق بندوق برداروں نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک گولی پٹرول کے ایک ٹینکر میں لگ گئی جس سے بڑا دھماکہ ہوگیا۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق شوٹ آؤٹ مغربی صوبہ لورستان میں ایک پٹرول پمپ کے قریب ہوا۔ پٹرول ٹینکر میں دھماکہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے اثر سے آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے چکناچور ہوگئے۔ زخمی پولیس عہدیدار کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور وہ ہنوز زیرعلاج ہے۔ بندوق بردار ایک مسروقہ کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ یاد رہے کہ دیہی علاقہ لورستان میں اکثر و بیشتر قبائیلیوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے جن کے پاس خود اپنے خانگی ہتھیار ہیں جبکہ گزشتہ سال ماہ نومبر میں حکام نے اسمگلرس کے قبضہ سے 150 بندوقیں ضبط کی تھیں۔