کابل، 2 نومبر (یو این آئی) افغان سکیورٹی فورسز نے سرحد پار کرکے ہمسایہ ملک ایران میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کے الزام میں 144 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ فوج نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے مغربی ہرات صوبے میں تعینات فوجی اہلکاروں نے جن افراد کو گرفتار کیا، ان میں دو مشتبہ انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور سرحد پار غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے مقصد سے سکیورٹی فورسز اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ اس سے پہلے سکیورٹی فورسز نے چند ہفتے قبل ایران کی سرحد پر ہمسایہ ملک میں داخل ہونے کی کوشش میں 202 افراد کو گرفتار کیا تھا۔اگرچہ سینکڑوں افغان پناہ گزین روزانہ ایران سے اپنے وطن افغانستان واپس آتے ہیں، لیکن جنگ کے بعد غربت اور بے روزگاری سے بچنے کیلئے کئی افغان روزانہ غیر قانونی طور پر ایران جاتے ہیں۔ افغانستان کی حکومت نے انسانی اسمگلنگ اور ہمسایہ ممالک میں غیر قانونی داخلے کو روکنے کا عزم کیا ہے ۔