تہران 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے سرکاری ٹی وی نے آج اطلاع دی ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں مزید 97 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور اس طرح سارے ملک میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 611 ہوگئی ہے ۔ ایران نے توثیق کی ہے کہ ملک میں جملہ 12,729 افراد اس وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ مشرق وسطی میں ایران اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔ اس وائرس سے یہاں کئی سینئر عہدیدار اور ارکان پارلیمنٹ بھی متاثر پائے گئے ہیں۔ سعودی عرب نے بھی اب اعلان کیا ہے کہ وہ اس وائرس کی روک تھام کے سلسلہ میں دو ہفتوں کیلئے بین الاقوامی پروازیں معطل کررہا ہے ۔ خلیجی ممالک کی جانب سے اس خطرناک وائرس سے نمٹنے یا اس پر قابو اپنے کیلئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اب تک یہ وائرس 100 سے زائد ملکوں کا احاطہ کرچکا ہے اور دنیا بھر میں 1,30,000 افراد اس سے متاثر بھی پائے گئے ہیں۔ یہ وائرس ایران کیلئے خاص طور پر تشویش کا باعث بن گیا ہے جہاںہزاروں افراد اس سے متاثر ہیں اور 611 افراد فوت بھی ہوچکے ہیں۔ یہاں یہ وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر لوگوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے معمولی علالت دکھائی دے رہی ہے جیسے کھانسی اور بخار وغیرہ ۔ تاہم معمر افراد یا پھر پہلے سے علیل افراد میں یہ وائرس تیزی سے اور شدت سے اثر کر رہا ہے اور انہیں دوسرے مسائل بھی درپیش ہو رہے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ یہاں بین الاقوامی پروازیں اتوار سے منسوخ کردی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے معمر افراد سے کہا ہے کہ وہ گھروں ہی میں رہیں کیونکہ کورونا وائرس یہاں بھی پھیلنے کے اندیشے ظاہر کئے گئے ہیں۔ ابوظہبی میں کہا گیا ہے کہ نائیٹ کلبس اور سیاحوں کی ہوٹلوں کو ختم مارچ تک بند کردیا جائیگا ۔ تمام ثقافتی اور سیاحتی پروگرامس منسوخ کردئے جائیں گے ۔