ایران میں ’’نوروز‘‘ کا تہوارپھیکا پھیکا ہوگا

   

تہران: اس سال ایران میں نوروز کے جشن کا آغاز 20 مارچ سے ہو رہا ہے۔ کئی عشروں سے پابندیوں سے متاثرہ اس ملک کے عوام اس بار یہ تہوار شدید اقتصادی مشکلات میں منا رہے ہیں۔ لاکھوں ایرانی باشندے اس سال چہارشنبہ 20 مارچ سے شروع ہونے والے نو روز کے جشن کو اپنے اہل خانہ اور دوست و احباب کے ساتھ منانے کے لیے سفر کر رہے ہیں۔ تاہم کئی دہائیوں سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد ہونے کے سبب ایرانی عوام کے لیے مالی مشکلات بہت زیادہ بڑھ چْکی ہیں۔ اس سال جشن نو روز اقتصادی دباؤ میں منایا جا رہا ہے۔بیس مارچ کو ایران میں ٹھیک صبح چھ بج کر چھتیس منٹ اور چھبیس سیکنڈ پر نو روز یا نئے سال کا آغاز ہو جائے گا۔ موسم بہار کے آغاز کا تعین فلکیاتی وقت کے مطابق ہوتا ہے۔عالمی سطح پر جشن نو روز یا نئے سال اور موسم بہار کا جشن ایران، افغانستان، قزاقستان، ترکی، عراق شام اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندے بشمول کْرد باشندے دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی رہتے ہوں یہ تہوار رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ مناتے ہیں۔ قریب 300 ملین لوگ نئے سال کی مبارکباد کا پیغام ایک دوسرے کو بھیجتے اور وصول کرتے ہیں۔