ایران میں پانی کی قلت کیخلاف مظاہرہ، ایک نوجوان ہلاک

   

تہران۔ ایران کے جنوب مغربی شہر شادگان میں پانی کی کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں ایک شہری گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ شب شادگان کے رہائشی خشک سالی کی وجہ سے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، اس دوران ایک 30 سالہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ خوزستان صوبے کے موجودہ گورنر اْمید صابری پور نے کہا کہ بعض موقع پرست اور فسادیوں نے مظاہرین کو مشتعل کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، جس کی وجہ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔ خوزستان صوبے میں رواں برس مارچ کے آخر سے مسلسل خشک سالی کے سبب پانی کی قلت پر تناؤ بڑھ رہا ہے۔ بارشوں میں پچاس فیصد سے زائد کمی کی وجہ سے ایران کے جنوبی علاقوں کو خاص طور پر گزشتہ ایک دہائی سے خشک سالی کا سامنا ہے۔