ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 77 ہوگئی

   

رہائشی علاقے کے نزدیک کورونا کے شکار افراد کی اجتماعی قبریں

تہران ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے مزید 11 افراد کی موت واقع ہوگئی ، اس طرح ملک میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی جملہ تعداد 77 تک پہنچ گئی۔ وزارت نے بتایا کہ 2336 افراد اس متاثر ہیں، جن میں 835 نئے کیسس شامل ہیں۔ چین کے باہر کسی دوسرے ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ایرانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں پر کاربند رہیں تاکہ کورونا وائر س کی وباء کو پھیلنے سے روکا جا سکے ۔انہوں نے مسلح افواج کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس کام میں وزارت صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے بعض وڈیو کلپوں میں ایران میں کورونا وائرس کے سبب موت کا شکار ہونے والے افراد کی اجتماعی تدفین کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ایک وڈیو بنانے والے شخص کا کہنا ہے کہ کورنا کے سبب فوت ہونے والے 80 افراد کو قْم شہر کے “بہشت معصومہ” قبرستان میں دفنایا گیا۔ایرانی حلقوں کے مطابق یہ قبرستان رہائشی علاقے کے گھروں کے قریب واقع ہے۔ اسی طرح مذکورہ وڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تدفین میں جنازوں کے ہمراہ افراد نے کسی قسم کی احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کر رکھی۔دیگر وڈیو کلپوں میں بعض ایرانیوں کو جنوبی شہر بندر عباس شہر میں ایک ہاسپٹل کو آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ اقدام اس طرح کی خبریں گردش میں آنے کے بعد کیا گیا کہ ہاسپٹل میں کورنا سے متاثرہ افراد موجود ہیں۔ایران میں شہریوں اور حکمراں نظام کے درمیان عدم اعتماد کی فضا واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ یہاں تک کہ بعض ارکان پارلیمنٹ نے بھی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کورونا کے حوالے سے حقیقی اعداد و شمار پر پردہ ڈال رہی ہے۔