ایران میں گرمی کی شدید لہردفاتر بند کرنے کا حکم

   

تہران ۔ 5 اگست (ایجنسیز) ایران کے 31 میں سے کم از کم 15 صوبوں میں سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند یا محدود اوقات میں کام کریں گے۔ متاثرہ صوبوں میں شمال مغرب کے مغربی آذربائیجان اور اردبیل، جنوب کا ہرمزگان، شمال کا البرز، اور دارالحکومت تہران شامل ہیں۔ایران کی سرکاری ٹی وی نے تہران کے گورنر محمد صادق معتمدیان کے حوالے سے بتایا کہ یہ بندشیں وزارت توانائی کی درخواست پر کی جا رہی ہیں تاکہ ”پانی اور بجلی کے شعبوں میں توانائی کے استعمال کو منظم کیا جا سکے۔‘‘سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنگامی اور لازمی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔وسط جولائی سے جاری شدید گرمی نے ایران کے بجلی کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں وقفے وقفے سے بجلی کی بندش ہو رہی ہے، خاص طور پر جنوبی علاقوں میں جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔تہران میں حکام نے پانی کے ذخائر کی سطح میں کمی کے باعث پائپ لائنز کے پانی کے دباؤ کو بھی کم کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، ملک اس وقت صدی کی بدترین خشک سالی کا سامنا کر رہا ہے۔

ایران میں 5.7 شدت کا
خوفناک زلزلہ، کئی شہر لرز اٹھے
تہران ۔ 5 اگست (ایجنسیز) ایران کے جنوبی صوبے کرمان میں منگل کے روز 5.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث کئی شہر لرز اٹھے۔جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیوسائنسز (GFZ) کے مطابق زلزلے کی شدت 5.73 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز زمین کے 10 کلومیٹر نیچے تھا۔زلزلہ جنوبی اور جنوب مشرقی ایران کے مختلف علاقوں میں محسوس کیا گیا۔ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم مقامی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بھی متاثر ہوا۔زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔