جنگ صرف درد اور غم اور تباہی چھوڑتی ہے ۔ اسرائیل اور امریکی حملوں پر تشویش
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ایران میں مبینہ فضائی حملے میں 165 طالبات کی ہلاکت کے واقعہ کو انسان کا بنایا ہوا سانحہ قرار دیتے ہوئے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقی وسطیٰ اس وقت کشیدہ صورتحال سے گذر رہا ہے ۔ جہاں ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے حملوں کے باعث حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں ایران کے مختلف علاقوں میں تباہی پھیل رہی ہے ۔ جب کہ ایران بھی اپنے پڑوسی ممالک میں موجود اسرائیلی اور امریکی فوجی اڈوں پر جوابی کارروائیاں کررہا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ ایک حملے میں لڑکیوں کا ایک اسکول ملبے کا ڈھیر بن گیا ۔ جس کے نتیجے میں 165 طالبات ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ان طالبات کی نماز جنازہ انتہائی درد ناک ماحول میں ادا کی گئی ۔ کے ٹی آر نے اپنے آفیشل ایکس ( ٹوئیٹر ) اکاونٹ پر اجتماعی قبروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے نام پر ہونے والی یہ تباہی دراصل ایک انسان ساختہ المیہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے پیچھے جو بھی سیاسی یا فوجی محرکات ہوں ۔ اس کا سب سے زیادہ خمیازہ عام شہریوں اور آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ کے ٹی آر نے لکھا کہ اس قسم کی جنگیں دنیا کیلئے صرف درد ، غم اور تباہی چھوڑ کر جاتی ہیں ۔۔ 2