ایران میں 254 ہندوستانی زائرین وائرس سے متاثر ؟

   

سفارتخانہ سے فہرست حاصل کرنے زائرین کا دعوی ۔ وزارت خارجہ کا توثیق کرنے سے گریز
نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران میں کم از کم 254 زائرین کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ایران کے شہر قم میں پھنسے ہوئے زائرین کی جانب سے جو فہرست بعض میڈیا گروپس کو دی گئی ہے اس میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔ اس فہرست کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ یہ سرکاری طور پر تیار کی گئی ہے تاہم اس تعلق سے کوئی توثیق نہیں ہوئی ہے ۔ اگر یہ فہرست درست ثابت ہوتی ہے تو ہندوستان میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد مزید بڑھ جائیگی ۔ ملک میں اب تک 137 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق ہوچکی ہے ۔ کارگل سے تعلق رکھنے والے ایک زائر شیخ علی نے کہا کہ یہ فہرست واٹس اپ پر اسے سفارتخانہ کے ایک عہدیدار نے دو دن قبل روانہ کی تھی ۔ اس بات کی دوسرے پانچ زائرین نے بھی توثیق کی ہے جو قم میں رکے ہوئے ہیں۔ یہ دستاویز زائرین اور طلبا کی فہرست ہے جن کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی ہے ۔ ان میں متاثرین کے پاسپورٹ نمبر اور ہندوستان واپسی کی پروازوں کے پی این آر نمبرس بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ زائرین اور طلبا کو یہ فہرست واٹس اپ پر ایک گروپ میں روانہ کی گئی ہے ۔ سفارتخانہ کے جس عہدیدار کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ اس نے یہ فہرست رونہ کی ہے جب اس سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو اس نے کہا کہ وہ اس دستاویز کے حقیقی ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بھی کسی نے یہ فہرست روانہ کی تھی اسی لئے انہو ںنے یہ فہرست گروپ میں روانہ کی تھی ۔ ایران میں زیارت کیلئے کارگل اور لیہہ کے 850 زائرین گئے تھے جن کے 6 تا 10 مارچ کے درمیان معائنے ہوئے ۔انہیں ہندوستانی سفارتخانہ لیجایا گیا اور وہاں ٹسٹ کروائے گئے تھے ۔ 15 مارچ کو فہرست تیار ہوئی تھی ۔ تاہم وزارت خارجہ نے اس تعلق سے اپنے رد عمل میں کہا کہ فی الحال اس فہرست کی قطعی توثیق نہیں کی جاسکتی ۔