ایران میں 53 بلین بیارلس خام تیل کا نیا ذخیرہ دریافت

   

Ferty9 Clinic

تہران ۔ 11 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں خام تیل کا ایک ایسا کنواں دریافت ہوا ہے جس میں 53 بلین بیارلس تیل موجود ہے ۔ صدر ایران حسن روحانی نے کہا کہ اس دریافت سے ایران کے تیل دخائر میں ایک تہائی اضافہ ہوجائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق تیل کا کنواں 2400 مربع کیلو میٹر پر محیط ہے جو ایران کے جنوب مغربی صوبہ خزستان میں واقع ہے۔ صدر نے قومی ٹیلی ویژن پر اپنے ایک خطاب کے دوران یہ بات کہی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ ایران کی عوام کیلئے حکومت کی جانب سے یہ ایک چھوٹا تحفہ ہے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنواں 80 میٹر گہرا ہے جو خزستان سے 200 کیلو میٹر تک عراق کی سرحدی شہر امیدیہ تک وسیع ہے ۔ اس طرح اب اوپیک ممالک کی 34 فیصد تیل کی ضرورت پوری ہوجائے گی ۔ ایران اوپیک کا بانی رکن ہے اور اس وقت بھی دنیا کے چوتھے سب سے بڑے تیل کے ذخیرہ کا مالک ہے لیکن صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے 2015 ء کے ایران نیوکلیئر معاہدہ سے دستبردار ہوجانے کے بعد ایران کو تیل کی فروختگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ امریکہ کی جانب سے ایران پر ایک بار پھر یکطرفہ تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔ مذکورہ معاہدہ کے دیگر ارکان ممالک برطانیہ ، چین ، فرانس ، جرمنی اور روس نے امریکی تحدیدات کو نظر انداز کرتے ہوئے معاہدہ کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی ہے لیکن اب تک تو ان کی یہ کوششیں ثمر آور ثابت نہیں ہوئی ہیں۔