تہران : ایران کے نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگنے سے جوہری مادوں کو افزودہ کرنے والے ایک سینٹر فیوز اسمبلی سینٹر کو کافی نقصان پہنچا ہے، تاہم حکام کے مطابق اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایران نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ اس کے زیر زمین نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگنے سے ایک سینٹر فیوز اسمبلی سینٹر کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا (آئی آر این اے) کے مطابق آتشزدگی کایہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا تھا۔ پہلے ایرانی حکام نے اس واقعے کو معمولی بتا کر ٹال دیا تھا۔ایران میں جوہری ادارے ‘اٹامک انرجی آرگنائزیشن’ کے ترجمان بہروز کمال وندی نے اتوار کے روز یہ بات تسلیم کی کہ آگ کی وجہ سے مرکز کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”اس واقعے سے ایڈوانس سینٹر فیوز کے پروڈکشن اور پیش رفت میں اوسط درجے کی سست روی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جس عمارت کو نقصان پہنچا ہے ایران اسے بڑی عمارت سے تبدیل کریگا۔
