ایران نیوکلیئرمعاملات کو مزید پیچیدہ نہ بنائے: میکرون

   

پیرس : فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ایران سے کہا ہے کہ وہ نیوکلیئرمعاہدہ کی مزید خلاف ورزی کر کے معاملہ کو پیچیدہ نہ بنائے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی صدر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے نیوکلیئرمعاہدہ کی خلاف ورزی کے باعث معاملہ پہلے ہی سنجیدہ ہے، نیوکلیئرمعاملات مزید خراب نہ کرے۔فرانسیسی صدر نے جمعرات کے روز کہا کہ ایران توقع کے مطابق ذمہ دارانہ رویہ اپنائے۔میکرون نے مزید کہا کہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے فرانس ایک مرتبہ پھر قابل اعتبار عمل کے آغاز کے لیے تیار ہے، جس کے تحت ایران کے نیوکلیئرپروگرام کی نگرانی کی جائے گی اور ایران کی خطے میں بیلسٹک میزائل حملوں کی کارروائیوں پر بھی قابو پایا جائے گا۔امریکی صدر جو بائیڈن ایران کے ساتھ نیوکلیئرمعاہدہ بحال کرنے کا اشارہ دے چکے ہیں، جس سے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ 2018 میں دستبردار ہو گئے تھے۔