ایران نیوکلیر بم بنانے سے ’بہت قریب‘ : گروسی

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے نیوکلیر توانائی کے ادارے کے سربراہ رافائل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے سے ’بہت دور نہیں‘ ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور سے قبل گروسی تہران کا دورہ کر رہے ہیں۔ نیوکلیر توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسی بدھ کے روز تہران پہنچے اور انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی۔ آج جمعرات 17 اپریل کو ان کی ایران کی نیوکلیر توانائی کی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی سے بھی ملاقات ہو رہی ہے۔ تاہم ایران کے اپنے دورے پر روانہ ہونے سے قبل انہوں نے فرانسیسی اخبار ’لموند‘ سے بات چیت میں کہا کہ ایران نیوکلیر بم بنانے کی صلاحیت سے اب ’’بہت دور نہیں‘‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک معمہ کی طرح ہے۔ ان کے پاس مختلف اجزا ہیں اور ایک دن وہ بالآخر انہیں ایک ساتھ جمع کر سکتے ہیں۔ تاہم نیوکلیر توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ’’وہاں تک پہنچنے سے پہلے اب بھی ایک راستہ باقی ہے۔ مگر یہ بات تسلیم کرنا ہو گی کہ وہ (ایران) اب اس سے زیادہ دور نہیں۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ گروسی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو صرف یہی بتانا کافی نہیں ہے کہ ہمارے پاس نیوکلیر ہتھیار نہیں ہیں، تاکہ وہ ایران کی بات پر یقین کر لے۔ بلکہ ہمارا اس قابل ہونا بھی ضروری کہ ہم اس دعوے کی تصدیق بھی کر سکیں۔ واضح رہے کہ امریکہ سمیت مغربی ممالک ایک طویل عرصہ سے ایران پر شک کرتے رہے ہیں کہ وہ نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم تہران اس الزام کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے اور اس کا اصرار ہے کہ اس کا نیوکلیر پروگرام پرامن شہری مقاصد کیلئے ہے۔