واشنگٹن: 2 جولائی (یو این آئی) امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تیاری کرلی تھی۔امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایرن نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں نصب نہیں کیں، ایران نے گزشتہ ماہ خلیج فارس میں بحری جہازوں پر بارودی سرنگیں لوڈ کی تھیں۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایران نے بعد میں مائنز جہازوں سے آف لوڈ کی یا نہیں۔ذرائع کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے سیٹلائٹ اور خفیہ ذرائع سے معلومات حاصل کیں۔دوسری جانب خلیجی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 10 فیصد کم ہوئی ہیں۔آبنائے ہرمز سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور ایران سے یومیہ تقریباً 21 ملین بیرل تیل دیگر ممالک کو پہنچایا جاتا ہے ۔
خواتین کیلئے کھیل کے میدان میں مواقع پیدا کئے جائیں:ملالہ
لندن، 2 جولائی (یو این آئی)نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ایک مرتبہ پھر افغان خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے عالمی کھیلوں کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلاوطنی اختیار کرنے پر مجبور افغان خواتین ایتھلیٹس کے لیے کھیل کے میدان میں مواقع پیدا کریں۔ملالہ نے سی این این اسپورٹس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ جب ہم افغان خواتین کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دیتے ہیں، تو یہ طالبان کے خلاف ایک مزاحمت ہے ۔ملالہ نے کہا کہ جب دنیا بھر میں خواتین کی کھیلوں میں کامیابیوں کا جشن منا رہی تھیں، افغان خواتین فٹبال ٹیم اپنی سرزمین پر کھیلنے سے محروم تھی، یہ دل توڑ دینے والا لمحہ تھا۔