تہران: ایران نے عراق میں تعینات امریکی سفیر پر پابندی عائد کردی۔ایران نے امریکہ کی جانب سے بغداد میں ایرانی سفیر کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد رد عمل میں امریکی سفیر پر پابندی عائد کی ہے۔ایران نے عراق میں تعینات امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر کے اقدامات کو ایران کے خلاف دہشت گرد عمل قرار دیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر سمیت دو امریکی سفارتکار ایرانی حکومت اور شہریوں کے مفادات کے خلاف منصوبہ بندی، فینانسنگ اور دہشت گردانہ عمل میں ملوث ہیں۔ایران نے مزید الزام عائد کیا کہ جو ا مریکی سفارتکار ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں ان میں میتھیو ٹیولیر کے دو نائب بھی شامل ہیں۔ترجمان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عراق کیلئے امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر کا جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں مرکزی کردار تھا۔