ٹینکر پر حملہ کیلئے ایران ذمہ دار ہونے کا الزام بے بنیاد : جواد ظریف
تہران ،13جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے خلیج عمان میں دوتیل ٹینکروں پر حملے کے بعد عملہ کے 44افراد کو بچالیا اور انھیں اپنی آبی حدود میں لے آیا ۔ایران کی خبررساں ایجنسی ارنا نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ دوغیر ملکی تیل ٹینکروں پر خلیج عمان میں حملہ ہوگیا۔ایرانی سلامتی دستوں نے ٹینکروں کے عملہ کے 44 افراد کو بچالیا ہے اور ہرمزگان صوبہ کے بحری تلاش اور بچاؤمرکز کے تال میل سے انھیں جاسک بندرگاہ لایاگیاہے ۔تہران سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیرخارجہ ایران محمد جواد ظریف نے کہا کہ دو تیل بردار بحری جہازوں پر ایران کے ساحل کے قریب حملے کی ذمہ داری کا ایران پر الزام بے بنیاد ہے۔ یہ حملہ وزیراعظم شینزو ایب جاپان کے دورہ ایران کے آغاز سے صرف ایک دن قبل کیا گیا ہے۔ وزیرجاپان نے ایران کے اعلیٰ ترین قائد آیت اللہ علی خامنہ ای سے اپنی آمد کے فوری بعد ملاقات کی ہے۔
